نو منتخب وزیر تجارت پرویز ملک میاں نواز شریف کی پالیسوں کا تسلسل جاری رکھیں گے:خواجہ خاوررشید

نو منتخب وزیر تجارت پرویز ملک میاں نواز شریف کی پالیسوں کا تسلسل جاری رکھیں ...

  



لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر و ایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے چےئرمین خواجہ خاور رشید نے ایم این اے پرویز ملک کو وزیر تجارت منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو منتخب وزیر تجارت پرویز ملک میاں نواز شریف کی پالیسوں کا تسلسل جاری رکھیں گے،ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہی مسلم لیگ کی منزل ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا ملک بنانے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔محمد نواز شریف کا دور خدمت،شفافیت ، امانت اور دیانت سے عبارت ہے۔

اور ان کے دور میں لگنے والے منصوبے تعمیر و ترقی کے اعلیٰ نمونے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ملک کی معیشت کا زیادہ تر دارومدار بیرونی تجارت پر ہے ، حکومت نے پرویز ملک کو وزیر تجارت بناکر بہت دانشمندی کا ثبوت دیا ہے، نئے وزیر تجارت بہت تجربہ کار اور باصلاحیت شخصیت ہیں اور وہ صنعت ، تجارت اور بیرونی تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل سے بھرپور آگاہی اور انہیں حل کرانے کی وہ بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ خاور رشید نے امید ظاہر کی کہ وزیر تجارت پرویز ملک برآمدات سے وابستہ شعبوں کو درپیش مسائل کے حل ، برآمدات کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں جیسے اقدامات اٹھائیں گے۔ پاکستان بھر میں مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔انہوں نے مزید کہ کہ ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے جمہوری عمل کا تسلسل ضروری ہے۔اس کیلئے پہلی شرط امن و امان کی بہتر صورتحال ہے ۔ملک دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں اپنی تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے اور مستحکم جمہوریت اور مسلسل اقتصادی شرح نمو وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے آغاز سے اب تک حصص مارکیٹ 17 فیصد تک گر چکی ہے ، کراچی سٹاک ایکسچینج میں بھی رواں سال کافی حد تک اتارچڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ماحول میں صرف مضبوط اقتصادی بنیاد کے حامل ممالک ہی اپنا وجود برقرار رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی و معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے ۔اس وقت ملکی معیشت کو مستحکم جمہوری اداروں کی جانب سے مکمل تعاون کی سخت ضرورت ہے۔

مزید : کامرس