ٹیلنٹ ہنٹ پرپروگرام میں یونین کونسل کی سطح سے ٹیلنٹ نکال کر لائیں گے : جہانگیر خانزادہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ سپورٹس کلچر کی بحالی اور ترقی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یونین کونسل کی سطح پر گراؤنڈز بنا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو کھیلنے کی سہولت میسر آئے اور ان کی حوصلہ افزائی ہو، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، پنجاب میں سپورٹس کے میگا منصوبے شروع کئے ہیں جس سے نوجوانوں کے صلاحیتیں سامنے آئیں گی، اکتوبر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کررہے ہیں، یونین کونسل لیول سے ٹیلنٹ نکال کر لائیں گے، جشن آزادی کی تقریبات میں خواتین کے خصوصی ایونٹس منعقد کرارہے ہیں، سکولوں میں سپورٹس کلچرکو پھر سے بحال کررہے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ سامنے آئے۔ ہیڈآف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا ہے کہ 8ماہ کے قلیل عرصہ میں کرکٹ اکیڈمیز کے نتائج انتہائی شاندار ہیں، کھلاڑیوں میں پروفیشنل ازم پیدا ہوا ہے اور وہ محنت سے کرکٹ کھیل رہے ہیں جو کہ حوصلہ افزاء بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کنیئرڈ کالج میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے چیف منسٹر انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کے گرلز کے ٹی 20کے افتتاحی میچ کی تقریب خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات یونین کونسل کی سطح پر منعقد ہورہی ہیں جن میں نوجوانوں کا جنون، جذبہ اور پاکستان سے محبت نظر آرہی ہے، سپورٹس کے کلچر کو بحال کرنے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بہترین گراؤنڈ زبنارہے ہیں، گراؤنڈز میں فلڈ لائٹس بھی لگا رہے ہیں، اسی طرح سپورٹس کے میگا منصوبے بھی شروع کئے ہیں جن میں جدید گراؤنڈز، جمنیزیمز اور سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں،اکتوبر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع ہوگا جس میں یونین کونسل کی سطح سے ٹیلنٹ نکال کر لائیں گے اور ان کی بہترین تربیت کرکے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کریں گے، سپورٹس کی جدید سہولتیں میسر آنے پر ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ یہ بات خوش آئندہے کہ اب خواتین بھی سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی کرکٹ اکیڈمیز بنائی گئیں تو اس میں گرلز کی بھی اکیڈمیز بنائی گئی ہیں تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی سپورٹس کے فروغ کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں، ان کی خصوصی ہدایت پر جشن آزادی کی تقریبات میں گرلز کے ایونٹس بھی منعقد کئے ہیں، ظہیر عباس نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی کرکٹ اکیڈمیز میں لڑکیوں کی کارکردگی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، قلیل مدت میں لڑکیوں نے بہت کچھ سیکھا اور اب پرفارم کررہی ہیں، میں امید کرتاہوں ان میں سے ہی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بنائی گئی کرکٹ اکیڈمیز سے کھلاڑی تیار ہورہے ہیں بہت جلد ان میں سے بہت سے کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ تقریب میں کنیئرڈکالج کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈنے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ظہیر عباس جیسے دنیا کے عظیم کرکٹرنوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں ۔میچ سے قبل کھلاڑیوں نے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور ظہیر عباس کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔