لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی میں پاکستان اور سری لنکا کے ثقافتی اورتعلیمی روابط پر سیمینار

لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی میں پاکستان اور سری لنکا کے ثقافتی اورتعلیمی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی لاہور میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان اور سری لنکا کے ثقافتی اورتعلیمی روابط پر سیمینار ہوا جس میں سری لنکن ہائی کمشنر کے نمائندہ سمن رتنائیکے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ایرانی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔پاکستان اور سری رتنائیکے ثقافت کو طالبات نے سٹیج پرفارمنس کے ذریعے اجاگر کیا ۔ دونوں ملکوں کے ملی نغمے اور ترانے گائے گئے۔ اس موقع پر پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح سمن رتنائیکے اور وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کیا جس میں پاکستان اور سری لنکا کے معروضی حالات کو فوکس یا گیا تھا۔سمن رتنائیکے نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا جشن ہمارے لئے بھی باعث مسرت ہے۔ پاکستان میں رہتے ہوئے ہمیں بھرپور پیار اور تعاون میسر ہے۔ سری لنکن حکومت اور عوام کی جانب سے میں پاکستانیوں کویوم آزادی کی مبارباد دیتا ہوں ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلیمی میدان میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سری لنکن جامعات نے پاکستانی سکالرز کیلئے خطیر سکالر شپ مختص کر رکھے ہیں۔ سری لنکن ائیر لائن لاہور سے کولمبو براہ راست پروازیں شروع کرنے والی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایرانی کلچر سنٹر رضائی فرد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کے حامل ہیں۔ فردوسی اورشیخ سعدی اگر پاکستان میں مقبول ہیں تو علامہ محمد اقبال کے اشعارایرنیوں کو ازبر ہیں۔ہمسایہ ممالک اور پاکستان میں شعبہ تعلیم میں تعاون و اشتراک کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی طرح ایران میں بھی خواتین تعلیم و تحقیق میں نمایاں ہیں ۔پاکستان میں خواتین کا ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار قابل تحسین ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ تمام مذاہب امن ہی کا پیغام دیتے ہیں ۔ جب منزل ایک ہو یعنی انسانیت کی فلاح تو پھر راستے جداہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی اور سائنس مضامین کے ساتھ ساتھ زبان و ادب کی ترویج پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے اس کیلئے یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اینڈ کلچر قائم کیا گیا ہے ۔ہمسایہ ممالک سے تعلیمی شعبے میں ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔