کرپشن کی لعنت سے چھٹکارے کیلئے جدید فرانزک سائنس لیبارٹری کو فعال کر دیا : چیئر مین نیب
اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ معاشرے کو بدعنوانی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے نیب نے جدید ٹیکنالوجی کی حامل فرانزک سائنس لیبارٹری کو فعال کر دیا ہے جس کا بنیادی مقصد نئے دور کے تقاضوں کے مطابق نیب کو بدعنوانی کے سدباب کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے نیب کی فورنزک سائنس لیبارٹری کی کارگردگی کا جائزہ لینے کے بعد قومی احتساب بیورو کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ادارے کی کارگردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر کام کرتے ہوئے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں پرعزم ہے اور بدعنوانی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (سی آئی ٹی) کا تصور رائج کیا گیا ہے جس کے تحت تحقیقاتی اور پراسیکیوشن افسران مل کرکام کرتے ہیں، اس کا بنیادی مقصد شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک طاعون ہے جس کے ملک اورمعاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، تاریخ شاہد ہے کہ بدعنوانی پرقابو پانے والی اقوام نے دنیا میں ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کئے ہیں، اگر ہمیں وطن عزیزکو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو اس کیلئے ہمیں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اوربدعنوانی کو کسی بھی صورت میں قبول نہ کرنا ہو گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ان کا ادارہ ملک میں بدعنوانی کے خلاف شعور اور آگہی پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ اسلوب حکمرانی کے تناظر میں انسداد بدعنوانی کو ترقیاتی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے، جن تجربات سے بطور ادارہ ہم گزرے ہیں اس کے مطابق صرف انفورسمنٹ سے بدعنوانی کا خاتمہ ممکن نہیں،بدعنوانی کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ آگاہی، تدارک، اور انفورسمنٹ پر مشتمل سہ جہتی حکمت عملی کو یقینی بناتے ہوئے ٹھوس اور مربوط کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔
چیئر مین نیب