مسلمانوں نے آزاد وطن کے لئے لازوال قربانیاں دیں،ارشد چودھری

مسلمانوں نے آزاد وطن کے لئے لازوال قربانیاں دیں،ارشد چودھری

  



لاہور(جنرل رپورٹر) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن وسابق وفاقی وزیر محمد ارشد چوہدری نے کہا ہے کہ 14اگست کا دن مسلمانوں کیلئے انتہائی مبارک دن ہے کہ اس روزدنیائے اسلام کی سب سے بڑی اسلامی مملکت کا قیام عمل میں آیا۔آزاد وطن کے حصول کیلئے مسلمانان برصغیر نے لازوال قربانیاں دیں۔ اب نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ ملکی تعمیر وترقی میں بھرپورحصہ لے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں 70ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچر کے دوران طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔

محمد ارشد چوہدری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کاشکر ہے کہ ہم آج آزادفضاؤں میں سانس لے رہے ہیں اگر ہم آزاد نہ ہوتے توہماری حالت شودروں سے بھی بدتر ہونی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات کا مطالعہ کرے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ وہ کیسا پاکستان چاہتے تھے۔پاکستان انشاء اللہ تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ محمد ارشد چوہدری نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘1945-46ء کے انتخابات اور قائداعظمؒ کو دیکھنے کے حوالے سے چشم دید واقعات بھی طالبات کو سنائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...