جنرل ہسپتال اکیڈمک کونسل کا اجلاس،مریضوں کے علاج معالجے کی رپورٹ جاری

جنرل ہسپتال اکیڈمک کونسل کا اجلاس،مریضوں کے علاج معالجے کی رپورٹ جاری

  



لاہور(جنرل رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و جنرل ہسپتال اکیڈمک کونسل کا اجلاس پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں تمام شعبوں کے پروفیسر صاحبان سمیت کنسلٹنٹ نے شرکت کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ایل جی ایچ میں یکم تا 7اگست تک آؤٹ ڈور اور ایمر جنسی میں 35ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور صرف پیر کے روز شعبہ بیرونی مریضاں میں ساڑھے تین ہزار سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا ۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتیں فراہم ہونا اس امر کا واضح ثبو ت ہے کہ اس ادارے میں مریضوں کی خدمت کیلئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمہ وقت موجود ہے اور صبح و شام آؤٹ ڈور شفٹ میں کنسلٹنٹس دستیاب ہوتے ہیں ۔۔

اسی طرح سی ٹی سکین ،الٹرا ساؤنڈ ، ایم آر آئی،ایکسرے، لیب ٹیسٹ اور دیگر شعبوں میں بھی روزانہ سینکڑوں مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے ہر ڈیپارٹمنٹ کی مسلسل مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر ہر شعبے سے رپورٹ پیش کی جا تی ہے اجلاس میں جنرل ہسپتال سے متعلقہ اہم امور کا جائزہ لیا گیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف شیڈول کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔اس موقع پر اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس بھی موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1