ینگ ڈاکٹرہسپتالوں کی ایمرجنسی کسی صورت بند نہ کریں،پی ایم اے

ینگ ڈاکٹرہسپتالوں کی ایمرجنسی کسی صورت بند نہ کریں،پی ایم اے

  



لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (مرکز) ، پنجاب میںینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال کی بدولت مریضوں کی صحت اور انکی بڑھتی ہوئی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ ینگ ڈاکٹروں کو ہسپتالوں میں کسی صورت میں بھی ایمرجنسی سروس بند نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف ان کے حلف کے خلاف ہے بلکہ غیر اخلاقی اور غیر انسانی بھی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن سینٹرکے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہااگرچہ حکومت پنجاب کی غلط پالیسیاں تمام صورت حال کی ذمہ دار ہیں لیکن اس کے باوجود ڈاکٹر اپنی مفادات کی خاطر مریضوں کا علاج کرنے سے انکار نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہاہم ڈاکٹر اس لیے کہلاتے ہیں کیونکہ ہم مریضوں کا علاج کرتے ہیں لیکن اگر مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کرتے ہیں تو پھر ہم ڈاکٹر نہیں ہیں۔آج ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال کا آٹھواں دن ہے اور پنجاب حکومت ان مسائل پر قابو پانے میں مکمل ناکام ثابت ہو رہی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ہیلتھ ڈیلیوری سسٹم اور دکھی انسانیت کے مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1