ملکی ترقی کیلئے ہر رکن اسمبلی کا صادق اور امین ہونا ضروری ہے : سراج الحق

ملکی ترقی کیلئے ہر رکن اسمبلی کا صادق اور امین ہونا ضروری ہے : سراج الحق

  



پیر محل (نمائندہ خصوصی 228نمائندہ پاکستان )ملکی ترقی کے لئے ہر رکن اسمبلی کا صادق اور امین ہونا ضروری ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں،اقتدار کا موقع ملا تو ہر یونین کونسل میں سہولیات سے آراستہ فٹبال سٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ان خیالا ت کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر1میں کھیلے جانے والے فلڈ لائٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بار بار کرسی اقتدار پر آنے والی سیاسی جماعتوں نے ملک کو بحرانوں اور عوام کو محرومیوں کے سواء کچھ نہیں دیا۔ملکی ترقی کے لئے ہر رکن اسمبلی کا صادق اور امین ہونا نہایت ضروری ہے۔سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں جن کی جانب سے کی جانیوالی کرپشن ہماری ترقی مین اصل رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فٹبال میرا پسندیدہ کھیل ہے۔اگر اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو ہر یونین کونسل میں جدید سہولیات سے آراستہ فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کروائے جائیں گے۔مودی سرکار سے دوستی کی پینگیں ڈالنے والے کسی صورت بھی ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔اگر موجودہ حکومت نے اپنی کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے 62،63کے قانون کو ختم کرنے کی کوشش کی تو قوم کے ہاتھ میں ان کا گریبان ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں صرف دیانت دار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔پاکستان ایک نظریئے اور عقیدے کا نام ہے ۔دشمن قوتیں لاکھ سازشیں کر لیں مگر پاکستان تا قیامت قائم ودائم رہنے کے لئے معرض وجود میں آیا ہے۔

مزید : علاقائی