پی ٹی آئی کا گلالئی کے حوالے سے جارحانہ رویہ انتہائی نامناسب ہے، سلمیٰ آپا

پی ٹی آئی کا گلالئی کے حوالے سے جارحانہ رویہ انتہائی نامناسب ہے، سلمیٰ آپا

  



لاہور ( ما نیٹر نگ ڈیسک )ممتاز دینی سکالر،ڈائریکٹردارالسلام انٹرنیشنل میجر (ر) سلمیٰ آپا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا عائشہ گلالئی کے حوالے سے جارحانہ رویہ انتہائی نامناسب اور خواتین کو عملی سیاست سے دور رکھنے کی سازش ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی پر فواد چودھری کی تنقید سے پی ٹی آئی کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ فواد چودھری نے دینی شعائر کا مذاق اڑایا ہے، قوم کو پی ٹی آئی کی نام نہاد روشن خیالی سے بچانا اب بڑا مشن بن گیا ہے۔ فواد چودھری کے بیان سے قوم کی آنکھیں کھل گئی ہیں، پی ٹی آئی مادر پدر آزادی کی علمبردار ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت ہوس اقتدار میں تمام اخلاقیّ حدود سے تجاوز کرگئی ہے،سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اس نئی روش کو روکنا ہوگا، پاکستانی سیاست میں فاطمہ جناح، بینظیر بھٹو، بیگم کلثوم نواز خواتین کی رول ماڈل ہیں ۔ بیگم کلثوم نواز نے جس طرح مشرف آمریت کا مقابلہ کیا وہ خواتین کی سیاست کا عظیم باب ہے۔سلمیٰ آپا نے کہا کہ نوازشریف کو وزارت عظمی' سے الگ کرنے والے انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، نوازشریف کروڑوں دلوں میں بستے ہیں ، اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر لاکھوں افراد ان کا استقبال کریں گے۔ خواتین بھی بہت بڑی تعداد میں ان کی ریلی میں شریک ہوکر ملک کی حقیقی سیاسی قیادت، آئین اور جمہوریت سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کریں گی۔

سلمیٰ آپا

مزید : علاقائی