شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کو ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کے درپے ہیں : شہباز شریف

شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کو ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کے درپے ہیں : شہباز شریف

  



لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ توانائی، انفراسٹرکچر، معیشت، صحت اورتعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی ہمارے کریڈٹ میں ہے۔ محمد نوازشریف کے دور کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں۔ محمدنوازشریف ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے اورعوام کے دلوں پر راج کیا ہے ۔محمدنواز شریف آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں اورہمیشہ رہیں گے۔ تنقید کرنیوالے پہلے اپنے صوبے پرنظر ڈالیں اورپھر بات کریں۔ ناقدین کو علم ہے کہ پنجاب کارکردگی کے لحاظ سے بہت آگے ہے۔شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں کل ان کو اس پرپشیمانی کا سامنا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو فوقیت دی ہے اور سیاست میں ہمیشہ تعمیری و مثبت سوچ اپنائی ہے ۔ جمہوریت کے فروغ اور استحکا م کیلئے مسلم لیگ (ن) نے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے ۔ ملک کی تیزرفتارترقی اورعوام کی فلاح وبہبود مسلم لیگ(ن) کا نصب العین ہے ۔ مسلم لیگ(ن) نے شفافیت اورتیزی سے منصوبے مکمل کرنے کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور سیاسی مخالفین نے دروغ گوئی اوربے بنیاد الزامات لگانے کے عالمی ریکارڈ بنائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنے کے درپے ہیں۔ جھوٹ اورمنافقت کی سیاست کرنیوالوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ شارٹ کٹ سے اقتدار میں آنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اعتماد پر پورااتریں گے ۔وطن عزیز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ ہماری ہر سانس اور ہر قدم ملک کی ترقی اورعوام کی خدمت کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام منافقت اور جھوٹ پرمبنی منفی سیاست کرنے والے عناصرکو آئینہ دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کیلئے مثبت تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں آتی بلکہ عوام کی خدمت کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔دھرنا پارٹی نے اس صوبے کا برا حال کردیا ہے جہاں انہیں عوامی خدمت کا مینڈیٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والے اور کرپٹ عناصر ملک کی خاطر ہوش کے ناخن لیں اور ملک کی تقدیر سے مت کھیلیں۔دھرنوں اور کرپٹ عناصر کو عوام نے رد کیا اور آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہو گی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...