پنجاب میں عالمی معیار کے سپورٹس کے میگا منصوبے شروع کئے ہیں ‘ حنیف عباسی
لاہور(این این آئی) چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ظہیر عباس نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ظہیر عباس کو نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے فرائض سونپے ہیں، ان کی سربراہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبہ بھر میں کرکٹ اکیڈمیز بنائی ہیں جن کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں، 70سالہ تاریخ میں اتنے سپورٹس کے منصوبے نہیں بنائے گئے جتنے اب شروع کئے گئے ہیں، پنجاب حکومت نے سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے بہت کام کیا اور بڑا بجٹ رکھاہے جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام چیف منسٹر جشن آزادی انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کے میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس بھی موجود تھے، حنیف عباسی نے مزیدکہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے میگا منصوبے شروع کئے گئے ہیں، جس سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
، ان منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جارہاہے، قصور میں 280کنال پر سپورٹس کمپلیکس تیار ہورہاہے ،جھنگ اور پیر محل میں آسٹروٹرف بچھائی جارہی ہے، کرکٹ کے100 گراؤنڈز بھی بنائے جارہے ہیں،بدوکی، پانڈوکی روڑہ اور سرائچ میں بھی سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہورہے ہیں، ان گراؤنڈز میں فلڈ لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں، حنیف عباسی نے کہا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس مکمل ہوچکا ہے جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف جلد کریں گے، راولپنڈی میں بھی شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے روایتی کھیلوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،جن میں دنگل، کبڈی، دیسی کشتی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت سے کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں، میچ سے قبل حنیف عباسی کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا گیا۔