تہران:رضاربانی ،حسن روحانی ملاقات خطّے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

تہران:رضاربانی ،حسن روحانی ملاقات خطّے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

  



تہران(صبا ح نیوز)چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے ایران کے درالحکومت تہران میں دوبارہ منتخب ہونے والے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے چار نکاتی ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ توانائی اورمواصلاتی نظام کے ذریعے رابطہ کاری،اقتصادی تعاون ،سیکیورٹی کے مسائل اور پارلیمانی روابط کو فروغ دیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ایران کے موقف کا شکریہ ادا کیا جس کا اظہار حال ہی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے بھی کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے بھارتی افواج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔ایرانی صدر نے گزشتہ برس اپنے پاکستان کے دوروں کا بھی تذکرہ کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہونگے ۔چیئرمین سینیٹ پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے دورے پر ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے گزشتہ دنوں ایرانی کی سیاسی قیادت کی خصوصی دعوت پر ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی اور اپنے دورے کے دوران ایرانی کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وفد میں سینیٹرز میر محمد یوسف بادینی ، ہدایت اللہ ، غوث محمد خان نیازی اورراحیلہ مگسی شامل ہیں ۔

روحانی ربانی ملاقات

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...