قوم جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کسی صورت برداشت نہیں کریگی:دفاع پاکستان کونسل

قوم جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کسی صورت برداشت نہیں کریگی:دفاع پاکستان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد( سٹی رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ پانامہ کے شکار حکمرانوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کا بہت نقصان کیا،ان کی خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرکا بیان آئین سے غداری ہے‘ انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدہ سے برطرف کیا جائے۔قوم جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کی نظربندی میں توسیع کر کے قانون اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں۔آئین کی دفعہ 62، 63ختم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہا ردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، لیاقت بلوچ، مولانا امیر حمزہ، مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ،علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، مولانا سیف اللہ خالد، حافظ خالد ولید،شیخ فیاض احمد، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا یوسف شاہ ،عبدالوحید شاہ ،قاری عبدالشکورودیگر نے مرکز خیبر نشاط آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کونسل کے اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق جماعۃالدعوۃ کے رہنما مولانا ابو بصیر مقبول احمدکو دفاع پاکستان کونسل فیصل آباد کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیاجبکہ ضلعی سطح پرایک رابطہ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں محمداکرم کھرل ،انجینئر عظیم احمد رندھاوا جماعت اسلامی،مولانا عبدالسلام جمعیت علماء المسلمین،مولانا شبیر احمد عثمانی جمعیت علماء اسلام،مولانا سلیم الرحمن جمعیت اہلحدیث،عبدالرزاق عابدجماعت اہلحدیث،مفتی عبدالشکور رضوی جمعیت علماء پاکستان،محمدبلال تحریک جوانان پاکستان،محمد عمر انصار الاسلامی شامل ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کی نظربندی میں تیسری بار توسیع کر دی گئی ہے اور اس طرح قانون اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ مودی سرکار اور امریکہ کو خوش کرنے کیلئے ایک مجاہد کو جوشہ رگ پاکستان کشمیرکی آزادی کی بات کرتا ہے نظربند کر دیاگیاہے۔پاکستانی عدالتیں واضح طور پر قرار دے چکی ہیں کہ حافظ محمد سعید پر دہشت گردی کا کوئی الزام ثابت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے بعد نظربندی میں توسیع ڈھٹائی کی بات ہے۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ ہم کریں گے کہ کس طر ف جانا ہے‘ یہ آئین سے غداری کی ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کو معزول کیا جائے۔دفا ع پاکستان کونسل مظفر آباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان کے حوالہ سے احتجاجی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاتے جاتے آئین میں ترمیم کر کے دفعات باسٹھ اور تریسٹھ کو ختم کرنا چاہتی ہے محب وطن پاکستانی قوم ایسا نہیں کرنے دے گی۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ،ملک کر لبرل بنانے کی کوششوں اور جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کی وجہ سے حکمران اللہ کی پکڑ کا شکار ہیں۔دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل‘ پاکستان کی محب وطن جماعتوں کا پلیٹ فارم ہے ، پاکستان کی سلامتی،نظریہ پاکستان کی حفاظت اورکشمیریوں کی جدوجہد کی پشتیبانی کرنے کے حوالہ سے یہ اتحاد سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کے شکار حکمران خود کو مظلوم ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی نااہلی بالکل واضح ہے کسی عدالت سے حکم امتناعی بھی جاری نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کا اس بات کا نوٹس لینا چاہیے کہ عدالت نے جنہیں سزا دی ہے وہ ایک مرتبہ پھر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنماؤں مولانا امیر حمزہ، مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ،علامہ ابتسام الہٰی ظہیرودیگر نے کہاکہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم و بربریت دروز بروز شدت اختیار کر رہا ہے۔ غاصب بھارتی فوج کو بین الاقوامی قوتوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔مظلوم کشمیریوں کی مدد سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔