قومی اسمبلی وقفہ سوالات،وزارت عظمیٰ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار نے سی پیک سے متعلق غلط فہمیاں پیدا کیں:حکومت

قومی اسمبلی وقفہ سوالات،وزارت عظمیٰ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار نے سی پیک سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ سی پیک کے انفراسٹرکچر کے تمام منصوبے انتہائی رعایتی نرخوں پر دیئے جارہے ہیں ان پر سود کی شرح بھی ایک سے ڈیڑھ فیصد تک ہے ،اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے ایک امیدوار نے سی پیک کے حوالے سے بہت غلط فہمیاں پیدا کیں۔قومی اسمبلی میں گزشتہ روز وقفہ سوالات کے دوران مسرت احمد زیب کے سوال کے جواب میں مواصلات کے پارلیمانی سیکرٹری عالم داد لالیکا نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے بسمہ روڈ پراجیکٹ کی کل لمبائی 106 کلو میٹر ہے۔ ایکنک نے اپریل 17 میں ہونے والے اپنے اجلاس میں 19 ارب 18 کروڑ 84 لاکھ روپے کی لاگت سے اس پراجیکٹ کے پی سی ون کی منظوری دی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے انفراسٹرکچر کے تمام منصوبے انتہائی رعایتی نرخوں پر دیئے جارہے ہیں ان پر سود کی شرح بھی ایک سے ڈیڑھ فیصد تک ہے۔ اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے ایک امیدوار نے سی پیک کے حوالے سے بہت غلط فہمیاں پیدا کیں۔ 35 ارب ڈالر کے توانائی کے منصوبے میں کوئی ایک ڈالر بھی قرض نہیں ہے اور انفراسٹرکچر کے جو منصوبے ہیں ان کیلئے آسان شرائط پر قرض دیا جارہا ہے ٗچین نے ایک ایسے وقت میں پاکستان میں اربوں ڈالر دیئے جس وقت کوئی دوسرا ملک ایک روپیہ دینے پر تیار نہیں تھا۔ خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر پاک فوج کی جانب سے فوری جواب دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان پہل نہیں کرتا۔ بھارت کشمیر کی جدوجہد آزادی کے اندرونی عنصر زائل اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والوں کو تحفظ کا احساس دلانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اس پارلیمان کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ پارلیمان ہماری عظمت کا نشان ہے۔ فورسز سیز فائر کی خلاف ورزی کا جواب دیتی ہیں۔ چند روز قبل ایوان میں جو جمہوری عمل ہوا یہ دنیا کیلئے پیغام ہے کہ اس ملک میں حالات کیسے ہوں آئین و قانون کی عملداری ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ بیرون ملک بھجوائے جانے والے بچوں کو وطن واپس لانے کی ذمہ داری پاکستانی سفارتخانوں کی ہے۔ مسلم فیملی لاء 1964ء میں ترامیم میں چند ماہ لگیں گے جبکہ مسلم فیملی لاء 1964ء میں قانونی اصلاحات کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ترمیم کی جارہی ہے۔ شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ انتخابی قانون بل 2017ء کے تحت حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی تجویز ہے۔ سپیکر نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں کے حوالے سے کیمرے نصب کرنے کے حوالے سے سب کی آراء مدنظر رکھ کر حتمی شکل دی جائے۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی سیاست ایشوز پر نہیں بلکہ نعروں پر چلتی ہے اوراگر پاکستان کی خود مختاری کو خطرہ ہوا تو اپنی جان دے دیں گے۔تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اہم ایشوز پر بات کرنی تھی، انتخابی اصلاحات پر محنت کی ، مزید تجاویز دینگے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ نے کہا تھا 4 لوگوں کو ملکی حالات کے خطرناک ہونے کا پتا ہے ،مجھے ان کی بات پر یقین ہے کہ حالات واقعی ایسے ہوں گا لیکن حکومت کو اس پر پر توجہ دینی چاہیے جبکہ سابق وزیر اعظم نے بھی کہا کہ سب کچھ جانتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں کہتا رہا کہ پارلیمان کو طاقت کا محور بنائیں لیکن میری بات نہیں مانی گئی اور نتیجہ دیکھ لیا کیا ہوا جبکہ ہم نہیں کہتے یہ اچھا ہوا۔