شاہ سلمان کا پاکستانی حکومت کیلئے خیرسگالی پیغام لے کر آیا ہوں،سعودی سفیر

شاہ سلمان کا پاکستانی حکومت کیلئے خیرسگالی پیغام لے کر آیا ہوں،سعودی سفیر

  



اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں سعودی عرب کے نامزدسفیر ایڈمرل نواف سعید احمدالمالکی نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی جانب سے پاکستانی حکومت اورعوام کے لئے نیک تمناں اورخیرسگالی کے جذبات کا پیغام لے کر آیا ہوں۔وہ ماضی کی طرح نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ باہمی اعتمادکے مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھائی چارے کی ایک نئی مثال بن کر ابھریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی سے گفتگو کے دوران کیا ۔ سعودی سفیر نے پاکستان آمد پر دلی مسرت کااظہا رکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ان کے لئے دوسرے گھر کی طرح ہے۔ شاہ سلمان پاکستان کو اپنے دل کے بہت قریب رکھتے ہیں اور اس کی ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی حکومتوں کے باہمی تعلقات عالمی اور علاقائی حالات سے کبھی متاثر نہیں ہوئے۔ دونوں ممالک بھائیوں کی طرح شانے سے شانہ ملا کرہمیشہ آگے بڑھے ہیں اور آگے بڑھتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش اور مقصد ہے کہ سفارتی ذمہ داریوں کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون نئی بلندیوں کو چھوئے اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید قربت آئے۔ محمد علی درانی نے سعید احمد المالکی کی سفیر کے طور پر تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی اور کہاکہ وہ ایسی پاکستان دوست شخصیت کے طورپر جانے جاتے ہیں جو پاکستان کو اچھی طرح سمجھتے اور جانتے ہیں۔ نواف سعید احمد المالکی قبل ازیں پاکستان میں ملٹری اتاشی کے طورپر گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے اہم دوست کی حیثیت سے جاناجاتا ہے۔

سعودی سفیر

مزید : کراچی صفحہ اول