یوم آزادی پر سکیورٹی کے مربوط اقدامات کیے جائیں ،آئی جی سندھ
کراچی (کرائم رپورٹر)ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دفتر سے جاری رہنما ہدایات میں تمام ڈی آئی جیز کو کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پررینج، ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان فوری طور پر ترتیب دیکر برائے ملاحظہ و مذید ضروری اقدامات ارسال کیا جائے ۔ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ مرتب کردہ پلان میں تمام اہم مقامات بشمول مزار قائد،اسکولوں،کالجز،جامعات یا دیگر ایسے مقامات کہ جہاں اس دن کی مناسبت سے پروگرامز/تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا پر اورساتھ ساتھ تمام پبلک مقامات،ائیر پورٹس،ریلوے اسٹیشنز، بس ٹرمینلز وغیرہ کے اطراف میں رینڈم اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ، پکٹنگ،ریکی، نگرانی سمیت ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن و شیئرنگ جیسے اقدامات کو موُثر اور مربوط بنایا جائے جبکہ پولیس افسران اور جوانوں کو نمایاں مقامات پر تعینات کرنیکے علاوہ انھیں باقاعدہ بریفنگ کے تحت ڈیوٹی پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کا بھی پابند بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے تمام ایڈیشنل آئی جیز ، تمام رینج / زونل ڈی آئی جیز سمیت ٹریننگ سندھ ، آر آر ایف(RRF) اور ایس آر پی سندھ(SRP) کے ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ یوم آزادی کے حوالے سے پولیس کی تمام گاڑیوں پر قومی پرچم نصب کئے جائیں جبکہ پولیس رینج / ضلعی ہیڈ کوارٹرز / پولیس لائنز میں پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد کرنے اور زیادہ سے زیادہ افسران و جوانوں کی شرکت کے اقدامات بھی کئے جائیں۔ مذید برآں انہوں نے کہا کہ ضلعوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کی پولیس بلڈنگزاور پولیس لائنز پرخصوصی لائٹننگ / چراغاں کے اقدامات کے ساتھ ساتھ تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز میں 14 اگست کے خصوصی دن کی اہمیت کی مناسبت سے پروگرامز منعقد کرنیکے اقدامات بھی کئے جائیں۔