ضلع کونسل مردان کی 49 بنیادی صحت مراکز کو ادویات کی فراہمی شروع

ضلع کونسل مردان کی 49 بنیادی صحت مراکز کو ادویات کی فراہمی شروع

  



مردان ( بیورورپورٹ) قائمقام ضلع ناظم اسد علی کشمیری نے کہا ہے کہ ضلع کے 49بنیادی صحت مراکز کو مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیاہے جس سے غریب عوام کو گھر کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات سمیت مفت ادویات بھی فراہم ہو جائیگی۔ صاف پانی اور واش روم سمیت بجلی کی بلا تعطل سپلائی کے لئے بی ایچ یوز میں سولریشن بھی کی جائیگی جس کے لئے ضلعی حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے۔وہ گیارہ لاکھ روپے کی لاگت سے سری بہلول اور پیر سدی کے بنیادی صحت مراکز کو مفت ادویات دینے کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے ضلع کونسل کے رکن مولانا امانت شاہ حقانی،شفیق احمد اور ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر ڈاکٹر لیاقت نے بھی خطاب کیا۔اسد علی نے کہا کہ ضلع کونسل کے ارکان اور بی ایچ یوز سٹاف کے تعاون سے مردان نے بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اول پوزیشن حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت مراکز میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر ضلعی حکومت خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ بہترین کارکردگی پر بی ایچ یوز کو انعامات سے نوازا جائیگا۔انہو ں نے کہا کہ 2017-18کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں دس بی ایچ یوز میں لیبر روم بنانے کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس سے ضلع کے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اسی ماہ میں تین بی ایچ یوز میں ایمبولنس سروس بھی شروع کی جائیگی جس سے عوام کو بہت فائدہ ہو گا۔انہوں نے بنیادی صحت مراکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...