تھری باشندے توانائی کے منصوبوں کا حصہ بننے کے لئے تیار

تھری باشندے توانائی کے منصوبوں کا حصہ بننے کے لئے تیار

  



اسلام کوٹ(پ ر)تھر میں اعلیٰ انسانی وسائل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور کوئلے سے توانائی پیدا کرنے والے منصوبوں کے لئے ضروری صلاحیت کو مقامی آبادی میں پیدا کرنے کے لئے تین سالہ ڈپلومہ پروگرام میں امیدواروں کو منتخب کرنے کے لئے تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا۔اس تحریری امتحان کا انعقاد اسلام کو ٹ میں قائم گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول میں کیا گیا جس میں 611امیدواروں نے حصہ لیا۔ اس سے قبل 1900درخواست دہندگان نے آن لائن امتحان میں حصہ لیا جس میں اہلیت کی بنیاد پر 1100درخواست دہندگان کو منتخب کیا گیا۔ ان امیدواروں کو ضروری متعلقہ دستاویزات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی جن کو پرکھنے کے بعد 611امیدواروں کو تحریری امتحان کے امتحانی کارڈ جاری کئے گئے۔ان امیدواروں میں سے کامیاب ہونے والے 60سب سے بہتر امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا جائے گا جن میں سے 30کامیاب امیدواروں کا اس ڈپلومہ پروگرام میں اندراج کرلیا جائے گا۔اسلام کوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان امیدوار منوہر کمار نے اس موقع پر کہا وہ تھر میں بننے والے توانائی کے منصوبوں میں بطور کوالٹی تکنیکی ورک فورس حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ چاچڑو سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار کشور لعل نے کہا سلیکشن کا عمل شفاف ہے اس لئے وہ تھر کے دوردراز کے علاقے سے اس عمل میں کامیابی کی امید سے آئے ہیں۔ ای پی ٹی ایل نے الیکٹریکل کی تربیت دینے کا پروگرام متعارف کروایا ہے جس میں تھر کے نوجوان 100فیصد اسکالر شپ حاصل کرسکتے ہیں۔ ای پی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب احسن ظفر سید نے کہا اس پروگرام کا مقصد مقامی آبادی میں اعلیٰ انسانی وسائل کی دستیابی اور تکنیکی صلاحیتوں کو پیدا کرنا ہے جن کی مستقبل میں تھر کوئلے توانائی منصوبوں کو ضرورت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا’’پورے عمل کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بنایا گیا ہے جس میں ہر امیدوار کو برابری کی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا بھلے اُن کا سماجی پس منظر کیسا بھی ہو۔‘‘پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے مینجر انسانی وسائل ،ای پی ٹی ایل، خرم محمود نے کہاکہ اُن کی کمپنی30تھری نوجوان امیدواروں کی تربیت کا بیڑا اٹھائے گی تاکہ وہ ایک اچھی شہرت کے حامل ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں ایک جامع پروگرام کے تحت تربیت حاصل کریں اور سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن(SBTE) میں رجسٹرڈ بھی ہوں۔ خرم نے کہا امیدواروں کے سلیکشن کے لئے ہمارا معیار یہ ہے کہ 15سے 20سال کے امیدوار جنہوں نے میٹرک سائنس میں کم از کم Bگریڈ حاصل کیا ہو۔ای پی ٹی ایل کمپنی ضلع تھرمیں اسلام کوٹ کے تھر بلاک IIمیں کوئلے سے چلنے والا 660میگا واٹ کا پلانٹ لگارہی ہے جس کو کوئلہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی فراہم کرے گی۔ ایک اندازے کے مطابق صرف تھر بلاکIIمیں 4000میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی جیسے جیسے کان کے قریب اور منصوبے تعمیر کئے جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر