مراکش کے شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 18 ویں سالگرہ کی تقریب

مراکش کے شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 18 ویں سالگرہ کی تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچیّ اسٹاف رپورٹر)مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے گزشتہ روز مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 18 ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمون تقریب میں شرکت کیلئے اسلام آباد سے خصوصی طور پر کراچی تشریف لائے۔ تقریب میں صوبائی وزیر ناصر علی شاہ، ڈی جی نیب الطاف باوانی، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل، سینئر نائب صدر عامر عطا باجوہ، مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سیاستدانوں، بزنس لیڈروں، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، میڈیا کے نمائندوں اور کراچی میں مقیم مراکش کے باشندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سالگرہ کی مناسبت سے ہوٹل کا ہال مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی تصاویروں اور دونوں ممالک کے قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز مراکش اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا جس کے بعد مراکش اور پاکستان کے پرچم کی طرز پر بنا کیک گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، مراکش کے سفیر محمد کرمون، اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کے ہمراہ مل کر کاٹا۔ اس موقع پر مراکش کے سفیر محمد کرمون نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کا انعقاد کرنے پر اشتیاق بیگ کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستانی عوام اور اپنی جانب سے مراکش کے بادشاہ اور عوام کو شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 18 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور کہا کہ مراکش اور پاکستان برادر اسلامی ممالک ہیں جو محبت و اخوت کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعلقات میں اہم کردار ادا کرنے پر اشتیاق بیگ کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے کہا کہ مراکش کے اعزازی قونصل جنرل کی حیثیت سے اُن کی پوری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں جس کیلئے وہ سرگرم عمل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضح مراکشی کھانوں اور پودینے سے بنی مراکش کی خصوصی چائے سے کی گئی جسے مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔