نواز شریف کی ذات وزارت عظمیٰ کی مرہون نہیں،زعیم قادری

نواز شریف کی ذات وزارت عظمیٰ کی مرہون نہیں،زعیم قادری

  



چکوال (ڈسٹرکٹ رپوٹر)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے راہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ذات وزارت عظمیٰ کی مرہون نہیں وہ جس پر ہاتھ رکھیں گے وہی وزیراعظم ہے ۔ میاں نواز شریف عوام کی جنگ لڑنے کے لئے نکل رہے ہیں ایسے فیصلے جو عوام کی امنگوں کے مطابق نہ ہوں وہ سنہری حروف میں نہیں لکھے جاتے ۔ وہ لوگ جو آج خود کو اس فیصلہ کا سرخیل سمجھتے ہیں وہ مکافات عمل کا شکار ہوں گے ۔ جے آئی ٹی پر ہم نظرثانی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ پاکستان کے محبوب قائد میاں نواز شریف کو سازش کے ذریعے اقتدار سے الگ کیا گیا ۔ پاکستان مسلم لیگ ن آج پوری قوم کی جنگ لڑنے نکل رہے ہیں ۔ ان کا یہ کردار پاکستانی راہ کا تعین کرے گا جو یہ قوم پچھلے سترہ سال میں حاصل نہیں کر سکی ۔ وہ چکوال میں ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی ، چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ، وائس چیئرمین خورشید بیگ، ، ایم پی اے ملک شہریار اعوان ، چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد، چوہدری حیدر سلطان ، ملک نعیم اصغر ، سردار آفتاب اکبر کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام عمائدین نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ وہ چکوال سے براستہ ڈھڈیال مندرہ کے مقام پر میاں نواز شریف کا بھرپور استقبال کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف سازشی عناصر کو جلد بے نقاب کریں گے ۔ شہباز شریف الیکشن لڑیں گے یا نہیں آئندہ تین روز میں فیصلہ ہو جائے گا ۔ چکوال مسلم لیگ میں اختلافات کے سوال میں کہا کہ گھروں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔ مگر جب گھر پر جنگ مسلط ہو جائے تو پھر تمام اختلافات دم توڑ جاتے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن ضلع چکوال مندرہ کے مقام پر مل کر اپنے قائد کا استقبال کریں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر