چکوال مین 1655بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں،ڈی سی عمرجہانگیر

چکوال مین 1655بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں،ڈی سی عمرجہانگیر

  



چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے پیر کے روز بتایا کہ ضلع چکوال میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 1655بھرتیاں قطعی طور پر میرٹ پر ہوئی ہیں۔ وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال میں محکمہ تعلیم کی طرف سے ایک پر وقار تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں 1655نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام میں تقرر نامے تقسیم کیے گئے۔اس اہم تقریب میں رکن قومی اسمبلی محترمہ بیگم عفت لیاقت علی خان ،چیئرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم ڈُھلی،وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ جبکہ رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال کی نمائندگی چیئرمین ملک نعیم اصغر اعوان نے کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ اور محکمہ ایجوکیشن کے دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر ریکروٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ضلع چکوال میں خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر اساتذہ کی بھرتیاں خالصتاََ میرٹ پر کی گئی ہیں۔اور کسی چِٹ یا سفارش کو خاطر خواہ میں نہیں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ پر کڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچوں کے روشن مستقبل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ملک نعیم اصغر نے کہا کہ میں ریکروٹمنٹ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔مجھے امید ہے کہ اب نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ محنت اور لگن سے کام کرینگے۔چیئرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم ڈُھلی نے کہا کہ نئی نسل کا روشن مستقبل ہی ہماری امنگوں کا آئینہ دار ہو سکتی ۔انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر اور ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بھرتیوں کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں بڑی خوبصورتی سے نبھائی ۔آخر میں شرکاء کے ہاتھوں سے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ میں تقرر نامے تقسیم ہوئیں۔اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ ایجوکیشن ڈاکٹر غلام مرتضی نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...