راولپنڈی،کینٹ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

راولپنڈی،کینٹ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

  



راولپنڈی (جنرل رپورٹر)کینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر صائمہ شاہ کی خصوصی ہدایات پر شعبہ انسداد تجاوزات نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 5ٹرک سامان ضبط کر لیا ہے ‘کینٹ کے مختلف علاقوں کی انجمن تاجران کی تنظیموں نے تجاوزات کرنے والے تاجروں کو فی الفور رضا کارانہ طور پر اپنی حدود میں لیجانے کی یقین دہانی کرا دی ہے ‘تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ضبط کیا گیا سامان ناقابل واپسی ہے ‘ریڑھیاں ‘سٹالز اور دیگر سامان قبضے میں لیتے ہی توڑ دینے کی ہدایات دیدی گئیں ہیں ۔پیر کو سی ای او ڈاکٹر صائمہ شاہ اور ایڈیشنل سی ای او رانا رمیض شفت کی خصوصی ہدایات پر سپریٹنڈنٹ انسداد تجاوزات حسن جان کی زیر نگرانی پشاورروڈ ‘چوہڑ چوک ‘مصریال روڈ ‘نصیر آباد ‘ڈھوک گجراں ‘ڈھوک چوہدریاں ‘آلہ آباد ‘صدر ‘ٹنچ بھاٹہ ‘22نمبر چونگی دھمیال روڈ ‘ڈھوک سیداں سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران تجاوزات کا سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے ‘کچی تجاوزات کے ساتھ ساتھ پکی تجاوزات بھی مسمار کیں گئیں ہیں ۔قبضے میں لیے گئے سامان بالخصوص ریڑھیاں ‘ہتھ ریڑھیاں ‘سٹالز ‘کاؤنٹرز توڑنے کی ہدایات بھی دیں گئیں ہیں تا کہ دوبارہ ان مقامات پر تجاوزات نہ ہوسکیں ۔دریں اثناء راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ انسداد تجاوزات کے سپریٹنڈنٹ حسن جان سے انجمن تاجران مصریال روڈ کے صدر حکیم یژب‘انجمن تاجران پیپلز کالونی کے نمائندے ظہور قریشی اور محمد ذوالفقار ‘انجمن تاجران ٹینچ بھاٹہ کے نمائندے محمد ہارون نے ملاقات کے دوران تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان تمام علاقوں کے دوکانداروں کو فی الفور اپنی حدود میں جانے کے لئے چٹھی لکھ دی گئی ہے ۔فی الفور اپنی حدود میں منتقل نہ ہونے والے تاجروں کے خلاف آپریشن پر انجمن تاجران غیر جانبدار رہے گی ۔تاجر وں کے نمائندوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ دوکانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی ریڑھی یا تجاوزات کا موجب بننے والے سٹالز کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے بتا یا کہ راولپنڈی کینٹ بھر کی تاجربرادری تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کا مکمل ساتھ دی گی ‘تاجر برادری بھی یہ ہی چاہتی ہے کہ راولپنڈی کینٹ میں رکاوٹ بننے والی ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ ہوجائے ۔ترجمان راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کے مطابق تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا ‘تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے علاقے کا انتخاب اسی وقت کیا جائے گا ‘کینٹ بورڈ کے شعبہ انسداد تجاوزات کے عملے کی جانب سے کسی بھی قسم کی معلومات قبل ازوقت لیگیج پر اہلکاروں کے خلاف فورا محکمانہ کارروائی شروع کر دی جائے گی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...