رےئل اسٹیٹ اینڈانوسٹمنٹ ایکسپو 22اگست کو شارجہ میں ہوگی
کراچی(پ ر) جنوبی ایشیا و مشرقِ وسطٰی کی کلیدی تجارتی نمائش "رےئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو (رائپ) برائے 2017 "کا انعقاد مورخہ 22تا 23ستمبر شارجہ ، متحدہ عرب امارات میں ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان میں رےئل اسٹیٹ کے شعبے سے منسلک ملک کی نامور کمپنیاں، تعمیراتی ادارے، رہائشی و تجارتی املاک کی خریدو فروخت سے متعلق ملکی و غیر ملکی اداروں سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایک بڑے تعداد شرکت کرے گی ۔ متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کے نامور تجارتی و کاروباری مرکز شارجہ ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کے رےئل اسٹیٹ ادارے اور ایجنسیز خصوصی اسٹالز و نمائشی ماڈلز کی بدولت اپنے پروجیکٹس کو بین الاقوامی سطح پر منظرِ عام پر لائیں گی اور مشرقِ وسطٰی وخلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں و عالمی تجارتی اداروں کو پاکستان جیسی ابھرتی ہوئی معیشت میں پہناں سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقعوں سے روشناس کرائیں گی۔ رےئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو برائے 2017میں حصہ لینے والے ممالک میں برطانیہ، ترکی، جاپان، ملائیشیا، مصر و جنوبی افریقہ سمیت تمام خلیجی ریاستیں شامل ہیں ۔ شارجہ جسے عرفِ عام میں "دوسرا پاکستان"بھی کیا جاتا ہے میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قیام پذیر ہے۔عام رجحان ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت نسبتاً ارزاں طرزِ زندگی کی بناء پر شارجہ میں قیام کو ترجیح دیتی ہے لیکن بسلسلہِ تجارت و روزگار دبئی کا رُخ کرتی ہے اسی وجہ سے رےئل اسٹیٹ کی اس عالمی سطح کی نمائش میں وہ آسانی کے ساتھ شریک ہو کر پیش کردہ تجارتی مواقعوں سے خاطر خواہ استفادہ کرسکتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 14لاکھ پاکستانی شارجہ میں مختلف کاروباری و تجارتی اغراض اور روزگار سے وابستہ ہیں اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کلیدی کردار ادار کررہے ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں نے رواں سال 2017کی پہلی ششماہی میں دنیا بھر میں رےئل اسٹیٹ کے شعبے میں 816 ملین امریکی ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے جس میں مزید اضافہ کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔"