شوگر مل مافیا کا سپلائی بحال کرنے سے انکار، چینی 70 روپے کلو ہوگئی
لاہور (ویب ڈیسک) چینی بحران کا جن بے قابوہوگیا، چینی 70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، عوام پریشان۔ شوگر ملز نے تاحال اوپن مارکیٹ اور اکبری منڈی میں چینی کی سپلائی بحال نہیں کی، اوپن مارکیٹ میں چینی سرکاری ریٹ سے پانچ روپے تجاوز کرکے 70 روپے ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے، چینی سرکاری ریٹ 55روے کے برعکس 60 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہر کے گلی محلوں کی دکانوں پر غریب عوام کو 70 روپے فی کلو چینی فروخت کی جارہی ہے، اصرار کرنے پر دکانداروں کا کہناہے کہ مارکیٹ سے چینی مہنگی مل رہی ہے، صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن حافظ محمد عارف نے کہا کہ شوگر ملز نے چینی کی سپلائی بحال نہ کی تو قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
حافظ محمد عارف نے کہا ہے کہ شوگر ملیں فاضل چینی بیرون ممالک برآم دکرنے کیلئے ریٹ مانگ رہی ہیں، مطالبات منظور نہ ہونے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی چینی کی سپلائی روک دی ہے۔ اوپن مارکیٹ کے صارفین نے چینی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔