سعودی حکومت نے کینیڈا میں 12ہزار شہریوں کی منتقلی کے لئے ہنگامی اقدامات شروع کردیئے
ریاض(صباح نیوز)سعودی عرب نے کینیڈا میں 12ہزارشہریوں کی دوسرے ملکوں میں منتقلی کے لئے ہنگامی اقدامات شروع کردیے،12 ہزار میں سے 7 ہزارطلبہ اور ان کے اہلخانہ اور دیگر شہریوں کی تعداد 5ہزار ہے ،طلبہ کی تعلیم متاثر کئے بغیر انہیں امریکہ اور برطانیہ کے تعلیمی اداروں میں منتقل کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزارت تعلیم کے سیکریٹری برائے سکالر شپ ڈاکٹر جاسر سلیمان الحربش کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کینیڈا میں سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ اور اہل خانہ کی تعداد12ہزار ہے، جنہیں دوسرے ممالک منتقل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کینیڈا میں اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد7ہزار ہے جبکہ ان کے ہمراہ اہل خانہ اور دیگر افراد کی تعداد5ہزار ہے۔ طلبہ کی تعلیم متاثر کئے بغیر انہیں امریکہ اور برطانیہ کے تعلیمی اداروں میں منتقل کیا جائے گا ۔