انتخابی دھاندلی کا بے لاگ احتساب اور مداوا ہونا چاہیے،ذکر اللہ مجاہد

انتخابی دھاندلی کا بے لاگ احتساب اور مداوا ہونا چاہیے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( پ ر)امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ انتخابی عمل کا صاف شفاف ہونا پاکستان اور جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے ۔ انتخابی دھاندلی کا بے لاگ احتساب اور مداوا ہونا چاہیے ۔ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا واحد راستہ جمہوری عمل کا شفافیت کے ساتھ تسلسل ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گذشتہ روز دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات 2018 ء نے ملکی اداروں کی شہر ت اور ساکھ کو داغدار کیاہے ۔ الیکشن کمیشن بری طرح عوامی مینڈیٹ کی پاسداری کرنے میں ناکام ہوا ہے اور سیاسی پارٹیوں کو مطمئن نہیں کر سکا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ کا احترام اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتی ہے۔ہم نئی حکومت کی مخالفت برائے مخالفت نہیں بلکہ اچھے کاموں کی بھر پور حمایت کریں گے اور جہاں بھی اسلام اور نظریہ پاکستان اور جمہوری اقدار کے برعکس کوئی اقدام ہو تواس کے خلاف اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔


انہوں نے کہا کہ انتخابات میں فتح و شکست ایک بنیادی جوز ہے ۔ ہمارے کارکنان ، ووٹرز اور سپورٹرز نے جذبہ و ہمت سے دن رات کام کیا ہے اور قوم کے سامنے دیندار اور دیانتدار قیادت بھی پیش کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ ، شریعت کے نفاذ اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔