امید ہے حکومت بزنس کمیونٹی کو ترقی کے سفر میں حلیف سمجھے گی
اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلیاں کر کے اسے متوازن بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کروڑوں افراد غربت کی دلدل سے نکل جائیں گے۔ بالواسطہ ٹیکسوں کی تناسب نوے فیصد تک جا پہنچا ہے جس سے عوام متاثر ہو رہے ہیں جسے کم کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ ودہولڈنگ ٹیکس پر انحصار کم کیا جائے گا ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کاروباری برادری کو نچوڑنے کی پالیسی ختم کر دی جائے گی ۔ان سے صرف ٹیکس ہی نہیں لیا جائے گا بلکہ ہر ممکن سہولت دی جائے گی،انکے مسائل حل اور انکا اعتماد بحال کیا جائے گا اور انکی استعداد بڑھائی جائے گی تاکہ وہ سکون سے اپنا کام کریں پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی منڈی میں حریف ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کر سکیں۔حکومت اور ایف بی آرکاروباری برادری کو اپنا حریف نہیں بلکہ ساتھی سمجھیں گے اوربرامدی شعبہ کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔پی ٹی آئی کے پالیسی سازوں کے مطابق صنعتی و برامدی شعبہ مسلسل زوال پزیر ہے جسے حکومت خاص توجہ دے کرمستحکم بنائے گی۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قیمتی اثاثہ سمجھا جائے گا۔ان کے مسائل حل کئے جائیں گے اورباہرسے آنے والی ترسیلات جوملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان میں اضافہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے اور قرضوں کی ادائیگی کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے رجوع کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کی حکومت میں پہلی بار کرنسی کی قدر کا تعین وزیرخزانہ نہیں بلکہ مرکزی بینک کرے گا جسکے لئے اسے مزید با اختیار بنایا جائے گا۔اسد عمر جیسا مخلص شخص جب پاکستان کا وزیر خزانہ ہو گا تو ملک کے تمام اقتصادی مسائل جلدحل ہو جائیں گے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
--