نواز شریف کی درخواست منظور ، العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقل کرنے کا حکم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹرمانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کی دوسری عدالت میں منتقلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنسز جج محمد بشیر کی عدالت سے کسی دوسری عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نوازشریف کی العزیزیہ سٹیل اور فلیگ شپ ریفرنس منتقلی کی درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس عامرفاروق اورنیب پراسیکیوٹر سردارمظفر کے درمیان مکالمہ ہوا،جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ کے قانونی حوالے میں آپ کی بات کاجواب موجود ہے،حوالے کے مطابق سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کیس منتقل کرسکتے ہیں۔ قانونی حوالے کے مطابق چارج فریم ہونے یانہ ہونے کی بھی پابندی نہیں،دوسری عدالت منتقلی کے بعدزیفرنس اسی سٹیج سے آگے بڑھایاجائیگا۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا میراموقف ہے چارج فریم ہونے کے بعدکیس منتقل نہیں کیاجاسکتا ۔ عد ا لت نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر نے کے کچھ دیر بعد سنایا ۔فیصلے میں مذ کو ر ہ دونوں ریفرنسز جج محمد بشیر کی عدالت سے کسی دوسری عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ،جبکہ کیپٹن(ر)صفدر کی سزامعطلی کی درخواست پرسماعت آج بروز بدھ کو ہوگی،نوازشریف اورمریم نوازکی سزامعطلی سے متعلق درخواست پرسماعت پیرتک ملتوی کردی گئی ، جمعرات اور جمعہ کو بینچ دستیاب نہیں ہے۔دوسری جانب احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت 9 اگست تک ملتوی ہوگئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی۔احتساب عدالت نے ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہونے کے باعث بغیر کارروائی کے 9 اگست تک ملتوی کردی۔