ناقص کارکردگی اور غیر حاضری کے باوجود 94سکول پرنسپلز کیخلاف انکوائریاں ختم

ناقص کارکردگی اور غیر حاضری کے باوجود 94سکول پرنسپلز کیخلاف انکوائریاں ختم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(حافظ عمران انور) محکمہ تعلیم نے ناقص کارکردگی ،مس کنڈکٹ اور سکولوں سے عادی غیر حاضر رہنے والے 94 سکول پرنسپل کے خلاف انکوائریاں ختم کر کے ان کو تمام الزامات سے بری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔بری کئے جانے والوں میں گریڈ 19 اور 20 کے پرنسپل شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے خراب کارکردگی اور مس کنڈکٹ کی بناء پر لاتعداد عوامی شکایات کی بنیاد پر 94سکول پرنسپل کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کا آغاز کیا تھا اور اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے ان پرنسپلز کے خلاف انکوائری ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن مشتاق احمد سیال کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی تھی ۔ذرائع کے مطابق انکوئری کمیٹی نے مذکورہ پرنسپل سے نرمی برتتے ہوئے عرصہ دراز تک ان انکوائریوں کو التواء کا شکار رکھا اور اور اب شدید دباو پر با لآخر عرصہ دراز تک زیر التواء انکوئریوں کے بعد بیک جنبش قلم ان تمام سکول سربراہان کو تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے سیکشن 3کے تحت چلنے والی انکوئریوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ پرنسپلز کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے تھا اور ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائریاں زیر التواء رہیں ۔اور اب اسے سفارش کہیے یا اقربا پروری یا پھر اسے دباو قرار دیجئے لیکن یہ حقیقت ہے کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن عنبرین رضا نے ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن مشتاق احمد سیال کی رپورٹ کے بعد مذکورہ پرنسپلزکو مس کنڈکٹ اور خراب کارکردگی کے الزامات سے بری کر دیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔دوسری طرف مذکورہ پرنسپلز کے خلاف محکمہ تعلیم کی جانب سے انکوئریاں ختم کرنے پر اساتذہ تنظیموں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔
انکوائریاں ختم

مزید :

صفحہ اول -