عمران خان عوا م کیلئے دوسرے مشرف ثابت ہونگے،عاجز دھامرہ

عمران خان عوا م کیلئے دوسرے مشرف ثابت ہونگے،عاجز دھامرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی یوٹرن پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعظم کا منصب حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں اگر ان کا یہی عمل برقرار رہا تو ملک و قوم کے لیے خطرناک ثابت ہوگا، عمران خان کی اے ٹی ایم مشین آزاد ارکان خریدنے میں مصروف ہے،عمران خان درست فرماتے ہیں کہ ایم ایم اے اور ان کے نظریات میں کافی مماثلت ہے، کے پی میں طالبان حامی جماعتوں سے اتحاد کرکے عمران خان نے خود کوطالبان خان ثابت کیا ہے، ایم کیو ایم کو دہشتگرد قرار دینے کے بعد آج اقتدار کے لیے ان سے تحریری معاہدہ کر رہے ہیں، جاری کردہ بیان میں عاجز دھامراہ نے کہا کہ عمران خان کل ایم کیو ایم کو دہشتگرد جماعت قرار دینے کے لیے شواہد کا بریف کیس لے کر لندن گئے تھے اور آج دوسری بریف کیس بھر کر اسی جماعت کے سامنے رکھ دیا ہے اور ان کے تمام مطالبات کو ماننے کے لیے تحریری معاہدھ بھی کیا گیا، وہ ہی عمران خان جنہوں نے اپنی پارٹی ایم پی ایز پر سینیٹ الیکشن میں بکنے کا الزام لگاکر انہیں نوٹس جاری کیے اور آج انہوں نے اپنی اے ٹی ایم مشین کو آزاد امیدوار خریدنے کے لیے لگا رکھا ہے جو آزاد ارکان کو اپنے ذاتی جہاز میں لے کر بنی گالا پہنچانے کے کام میں مصروف ہے ، عاجز دھامراہ نے کہا کہ عمران خان سندھ کے عوام کے لیے دوسرے مشرف ثابت ہونگے جنہوں نے اپنے اقتدار کے لیے ایم کیوایم کو فری ہینڈ دیا جس کا خمیازہ ابھی تک بھگتا جا رہا ہے اور آج عمران خان بھی وہ ہی کام کر رہے ہیں، عاجز دھامراہ نے کہا کہ عمران خان کا اصولوں کی سیاست سے دور کا واسطہ نہیں اورنہ ہی کبھی انہوں نے اصولوں کی سیاست سیکھی ہے، وہ ملک کو کرکٹ کا میدان سمجھ کر چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔