چکوال،عید پر کالعدم تنظیموں پر کھالیں اکٹھی کرنے پرپابندی ہوگی

چکوال،عید پر کالعدم تنظیموں پر کھالیں اکٹھی کرنے پرپابندی ہوگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)عیدالاضحی کے موقع پر تمام کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر سخت پابندی ہوگی ۔تمام ان رجسٹرڈ تنظیموں یا ملتے جلتے ناموں کا لبادہ اوڑھے ہوئے تنظیموں یا گروپوں پر عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں لینے یا کھالوں کی کولیکشن کے لیئے کیمپ قائم کرنے پر سخت پابندی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار منگل کے روز ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں اے ڈی سی جی،اے ڈی سی آر ،اسسٹنٹ کمشنرزچکوال ،سی اوز،ڈی ایل او،سپیشل برانچ ، پولیس افسراناور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں اے ڈی سی جی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہے اور جو لوگ یا تنظیمیں اس فعل میں ملوث پائی گئیں انکے خلاف دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صرف رجسٹرڈ فلاحی تنظیمیں جو حقیقی معنوں میں کام کر رہی ہیں ضلعی انتظامییہ سے باقاعدہ این او سی حاصل کر کے اپنا کام کر سکتی ہیں ۔اور مخصوص جگہوں پر کیمپ لگا سکتی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر ان کی درخواستوں پر تین دن کے اندر فیصلہ دیں گے ۔ضلعے انتظامیہ کے اجازت نامے پر ہی کھالیں اکٹھی کی جا سکیں گی۔جبکہ کالعدم تنظیموں کو ہر گز اجازت نا ہوگی ۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاؤڈ سپیکر کے زریعے کسی کو بھی کھالیں جمع کروانے کے متعلق اعلانات کرنے پر سخت پابندی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے بلدیہ کے تمام سی اوز کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں تمام الائشوں کو بہت مستعدی اور پلاننگ سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات کریں تاکہ شہر کو عید کے دنوں میں ہمہ وقت صاف رکھا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں چھپے امن دشمنوں پر کڑی نظر رکھنی ہوگی ایسی کوئی تنظیم یا فرد جو کھالوں کی خریدو رفروخت میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف نیکٹا کی ہیلپ لائن 1717 پر فوری اطلاع کریں ۔انہوں نے پولیس کو بھی ضروری ہدایات جاری کیں۔