پی اے سی کااجلاس،کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال
مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آزاد کشمیر کا اجلاس چےئر مین کمیٹی ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر عباسی کی زیر صدار ت منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبران کمیٹی عبدالماجد خان، میاں یاسر رشید، محترمہ سحرش قمر ایم ایل ایز سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دےئے۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ۔ محمد ایاز خان ناظم اعلیٰ حسابات ، جُمعہ خان ایڈیشنل سیکرٹری مالیات،محمد حسن رانا ڈائریکٹر جنرل آڈٹ نے اپنے محکمہ جات کی نمائندگی کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی نے اعلیٰ انداز میں پبلک اکاؤنٹس کو یونیورسٹی سے متعلقہ ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔ بمطابق بریفنگ میل پروفیسرز11،ایسوسی ایٹ پروفیسرز57 ،اسسٹنٹ پروفیسرز57، لیکچررز60، ریسرچ ایسو سی ایٹس40ہیں۔ پی ایچ ڈی طلباء160، ایم فل722، ایم اے/ایم ایس سی2460مین کیمپس 5582، چہلہ کیمپس2682،نیلم کیمپس301، جہلم ویلی کیمپس392 طلباء ہیں۔ریسورسز کے اعتبار سے ایچ ای سی468.894جو کہ 35.75فیصد بنتا ہے۔اے جے کے گورنمنٹ 3.075 اور یونیورسٹی 839.4جو کہ 64فیصد بنتا ہے۔تنخواہوں اور الاؤنسز پر جو کہ 55فیصد اور دیگر چارجز 302.661جو کہ 24فیصد ہے۔یونیورسٹی حکام نے 30ترکش سکالرشپس لینے کا کمیٹی کو بتایا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ایکوپمنٹس کے لیے 1ارب20کروڑ کا پراجیکٹ منظوری کے قریب ہے جس سے طلباء کو تعلیمی میدان میں انتہائی سہولیات بہم پہنچانے میں بھرپور مدد ملے گی۔یونیورسٹی کے ذمہ 318آڈٹ پیراجات رقمی 610.30ملین روپے میں سے 15کروڑ روپے کی ریکوری ہونی پائی گئی۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ ریکوری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔قبل ازیں ہائیر ایجوکیشن (کالجز) کے باقیماندہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ محکمہ کے ذمے 18ڈرافٹ پیراجات قابل تصفیہ تھے بقایا جات بمطابق آڈٹ ریکارڈ 1کروڑ 87لاکھ2صد روپے۔ جن میں سے محکمہ18لاکھ24ہزار روپے کی ریکوری کر سکا اور تقریبا" 18 لاکھ 26ہزار کے اعتراضات دوران پڑتال محکمانہ موقف کے مد نظر یکسو کر دےئے گئے۔آڈٹ اعتراضات کی روشنی میں محکمہ کو عرصہ دراز کے بقایا جات1 کروڑ51ہزار روپے تاحال ریکور کرنے ہیں۔ کمیٹی نے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پراگریس بہتر ہو گی تو تب ہی ترقیاتی اہداف مکمل ہو سکیں گے۔ کمیٹی کا اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔