نفاذ اسلام کی جدوجہد مشکلات و آزمائشوں کا راستہ ہے :حافظ نعیم الرحمٰن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلا می کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد مشکلات اور آزمائشوں کا راستہ ہے ،آنے والے حالات میں دین اسلام کی حفاظت اور اقامت کے لیے علماء کرام اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے کمربستہ ہوجائیں،دعوت کے جو راستے اور رابطے الیکشن مہم میں پید اہوئے ہیں انہیں مستقل بنیادوں پر قائم رکھیں تا کہ آنے والے دنوں میں یہ ہمارے لیے کامیابی کی نوید بن سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مہد الایمان کوئٹہ ٹاؤن میں علماء کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔استقبالیے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ناظم اعلی جمعیت اتحادالعلماء کراچی،مولانا عبد الوحید ،صدرجمعیت اتحادالعلماء کراچی مفتی علی زمان کشمیری،امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی،منتظم جمعیت طلبہ عربیہ صوبہ سندھ حافظ نعیم اللہ منگریو اور دیگر بھی موجودتھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن مہم میں علماء4 کا کردار بڑااہم اورقابل تعریف رہاہے،ہر مکتبہ فکر کے علماء کا ہمیں سراہنا اور خیر مقدم کرنا خوش آئند ہے جو بہتر مستقبل کی امید ہے اور دوریوں کے خاتمہ کی علامت ہے،علماء کرام اپنے علم واخلاق کے ذریعے دل ودماغ کو فتح کرسکتے ہیں اور دل ودماغ کی فتح تحریک اسلامی کی کامیابی ہے۔برجیس احمد نے کہاکہ ماضی میں انقلابات اور تبدیلیاں ہمیشہ منبرومحراب کی صداؤں سے آئی ہیں،آپ جہاں کہیں بھی ہیں اپنی آواز کو اقامت دین کی آواز سے ہم آہنگ کریں۔اپنے آپ کو مرجع خلائق بنائیں تا کہ اسلام کی طرف لوگوں کا رجوع رہے اور انہیں دین کی صحیح رہنمائی ملے۔دینی مسائل کی محافل منعقد کریں دروس قرآن وحدیث کا روز کی بنیاد پر اہتمام کریں یہ وہ ضرورت ہے جو عوام کی دینی تشنگی کو بجھاتی ہے۔