انڈر 19ویمنز فٹبال ،کے الیکٹرک ککرز کی کامیابی

انڈر 19ویمنز فٹبال ،کے الیکٹرک ککرز کی کامیابی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(پ ر) کے الیکٹرک ککرز نے لاہور میں جاری انڈر 19 نیشنل ویمنز فٹبال چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں کراچی ویمن فٹبال کلب کو 3-1 سے شکست دے دی۔کے الیکٹرک ککرز کی ٹیم نے کپتان رباب خان کی مدد سے میچ کے نویں، اکیسویں اور اڑسٹھویں منٹ میں تین گول اسکور کیے ۔ کراچی ویمن فٹبال کلب نے بھی پورے میچ میں عمدہ کارکردگی مظاہرہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک ککرز کیخلاف اٹیکنگ کھیل پیش کیااور میچ کے پینسٹھویں منٹ میں کراچی ویمن فٹبال کلب کی فاطمہ نے گول اسکور کرکے شکست کے مارجن کو کم کرنے کی کوشش کی۔میچ کے اختتام پر کے الیکٹرک ککرز کی کپتان رباب خان نے اپنی ٹیم کی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا،’’قومی سطح پر کسی میچ میں گول اسکور کرنا ایک خواب تھا جو اب پورا ہوا ہے، لیکن یہ سب میری ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے عمدہ ٹیم ورک اور پختہ ارادوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔‘‘یہ پہلا موقع ہے جب کے الیکٹرک کی ٹیم نیشنل ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کر رہی ہے تاہم، اس سے قبل ،یوٹیلیٹی کمپنی کراچی میں گرلز فٹبال لیگ منعقدکر چکی ہے جو کسی ادارے کی سرپرستی میں کھیلی جانے والی پہلی فٹبال لیگ تھی۔ اس فٹبال لیگ میں ملک بھر سے آٹھ فٹبال کلبوں سے وابستہ 128نوجوان خواتین فٹبالرز نے شرکت کی تھی۔نیشنل ویمنز فٹبال چیمپئن شپ پاکستان میں اعلیٰ ترین سطح کا مقابلہ ہے۔ اس چیمپئن شپ کا آغاز پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 2005ء میں کیا تھا۔ یکم اگست سے شروع ہونے والی نیشنل ویمن انڈر 19 چیمپئن شپ 12 اگست تک جاری رہے گی جس کے دوران تمام میچ سٹی اسکول اسپورٹس کمپلیس میں کھیلے جائیں گے۔اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 13 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔