سندھ میں پتنگ بازی پر نیا قانون بنایا جائے گا، چیف سیکریٹری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے کہا ہے کہ کسی کو معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سندھ میں پتنگ بازی پر نیا قانون بنایا جائے گا۔غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ سندھ میں 14اگست کے پروگرام میں پودے بھی لگائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ سیکریٹریٹ میں اپنی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری لائیو اسٹاک، کمشنر کراچی صالح محمد فاروقی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شریک تھے جبکہ تمام ڈویژن کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں 14 اگست کے پروگرام، صوبے میں لگنے والی مویشی منڈیاں اور پتنگ بازی سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے اعظم سلیمان خان نے کہا کہ کسی کو معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ڈور بنانے والوں کو انسانی جان کے لئے خطرہ بننے والے ڈور نہ بنانے پر پابند کیا جائے گا۔ سندھ میں پتنگ بازی پر نیا قانون بنایا جائے گا۔تمام کمشنرز اس حوالے سے اپنے سفارشات پیش کریں۔ اجلاس کے دوران انہوں نے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبے میں 144 نافذکر کے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن کے تحت جشن آزادی کے بڑے پروگرام یکجا کر کے منعقد کئے جائیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ کھالیں وصول کرنے سے پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا لازمی ہے۔کالعدم تنظیموں کو کھالیں وصول کرنے کی اجازت نہیں۔ کالعدم تنظیموں کے متعلق عام عوام کے لئے میڈیا میں آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انتظامیہ کے تحت لگنے والی مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ منڈیوں میں آنے والے جانوروں کی ویکسی نیشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔