سفارش اور دباؤ میں آئے بغیر تحقیقات جاری رہیں گی : چیئر مین نیب
لاہور ( خبر نگار) چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف جاری تحقیقات میں فوری طور پرمعزز احتساب عدالت کے روبرو سپلیمنٹری ریفرنس داخل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سی ای اوحافظ نعمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے اخراج کے لئے بھی عدالت سے فوری طور پر رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کا مسلسل دوسرے روز دورہ کیا جنہیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے لاہور بیورو میں زیر تفتیش کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں شامل کیسزجن میں فواد حسن فواد کیخلاف جاری پیرا گون سٹی کیس میں مبینہ کرپشن و اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف جاری انویسٹی گیشن، آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں جاری تحقیقات، صاف پانی کمپنی میں مبینہ مالی بدعنوانی پر انکوائری، لاہور پارکنگ کمپنی میں مبینہ بدعنوانی پر جاری انکوائری، پنجاب منرل کمپنی، ملزم ارشد وحید ،سی ای ا و، ارتھ ریسورس پرائیویٹ لمیٹیڈ ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، نندی پور پاور پلانٹ کیس، پیراگون سٹی انتظامیہ و ڈویلپرز کیخلاف جاری انکوائریوں پر جامع بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں گرفتار ملزم اکرام نوید کیخلاف تحقیقات ،عبدالعلیم خان کے خلاف آف شور کمپنیز کے حوالے سے انکوائری، مونس الہی کے خلاف آف شور کمپنی کیس میں انکوائری اور چوہدری برادران کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر انکوائری، ایڈن ہاؤسنگ انتظامیہ کیخلاف انکوائری جس میں نیب لاہور کی جانب سے تاحال 9700سے زائد کلیمز وصول کئے جا چکے ہیں اور ایل ڈی اے سٹی کیس میں جاری تحقیقات پر کی گئی پیشرفت پربریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے دوران چیئر مین نیب نے احد خان چیمہ کیخلاف جاری تحقیقات میں فوری طور پراحتساب عدالت کے روبرو سپلیمینٹری ریفرنس داخل کرنے کے احکامات جاری کئے۔لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سی ای اوحافظ نعمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے اخراج کیلئے بھی عدالت سے فوری طور پر رجوع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔اس دوران چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ہمارا کسی گروہ، پارٹی یا سیاستدان سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے۔کسی قسم کے دبا ؤاور سفارش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رہیں گی ۔
چیئرمین نیب