ویزا ایمنسٹی سکیم کے تحت 1100 پاکستانیوں نے قونصلیت آف پاکستان دبئی سے رابطہ کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) حکومت متحدہ عرب امارات کی طرف سے دی گئی ویزا ایمنسٹی سکیم اکتوبر 2018ء تک رہے گی جس کے تحت امارات میں مقیم تمام ممالک کے غیر قانونی تارکین وطن فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
اس سلسلہ میں مختلف ممالک کے قونصل خانے مین اپنے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ دبئی میں حکومت دبئی کی طرف سے العویر میں ایک امدادی کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں سے لوگوں کو ملک چھوڑنے کے پرمٹ دیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں قونصلیت آف پاکستان دبئی نے بھی العویر کیمپ میں ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے غیر قانوی طور پر مقیم پاکستانیوں کے لئے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جہاں گزشتہ روز 1100 پاکستانیوں نے رابطہ کیا۔
قونصلیت آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل سید جاوید حسن اور قونصلیت کے دیگر سٹاف نے گزشتہ دنوں العویر میں قائم کیمپ میں ہیلپ ڈیسک کا دورہ کیا اور وہاں آئے پاکستانیوں سے بات چیت کی۔ ہیلپ ڈیسک پر قونصلیت کا عملہ تعینات ہے جو غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔ پاکستانی اپنی فیملیز کے ہمراہ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں اور باعزت طور پر پاکستان جانے کے لئے بے قرار ہیں۔ پاکستان جانے کی امید لئے پاکستانیوں نے حکومت امارات اور قونصلیت آف پاکستان دبئی کا شکریہ ادا کیا ہے۔