عمران خان کو غیر معمولی سکیورٹی فراہم کر دی گئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورمتوقع وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں 250 سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کی گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ بنی گالہ میں 250 پولیس اہلکار ، 80 رینجرز اور 30 سے 40 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکامامور ہیں جو تین شفٹوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق یہ سکیورٹی عام انتخابات میں عمران خان کے اکثریت حاصل کرنے اور ان کے آئندہ وزیراعظم بننے کا واضع ہونے کے فوری بعد تعینات کی گئی۔ عمران خان کی سکیورٹی کی نگرانی وفاقی پولیس کا سکیورٹی ڈویژن کر رہا ہے جو صدر ،وزیراعظم ، وزراء اور ججز سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کی سکیورٹی کے معاملات دیکھتا ہے۔ ایک ذریعے کے مطابق دوروز قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے بنی گالہ بے مقامی ہوٹل آمد پر عمران خان کو بلیوبک کے تحت سکیورٹی فراہم کی گئی جس کے تحت مہمان سربراہان مملکت اور صدر اور وزیراعظم سمیت وی آئی پیز کی نقل و حرکت کیلئے سکیورٹی انتظامات کئے جاتے ہیں۔ عمران خان کاروٹ کلیئر کیا گیا اور راستے میں 230 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔ وفاقی پولیس نے ایک سگنل جیمرز سمیت پانچ گاڑیاں فراہم کیں تاہم ذریعہ کے مطابق عمران خان کو سکیورٹی خطرات کے باعث غیر معمولی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔