خالصتان تحریک کے زور پکڑتے ہی بھارت بوکھلا گیا
نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارت میں آزاد خالصتان کی تحریک زوروں پر ہے، خصوصاً مغربی ممالک میں بسنے والے سکھ پوری طرح منظم ہوچکے ہیں اور آزاد خالصتان کی گونج دنیا بھر میں سنائی دینے لگی ہے۔ بھارت اس صورتحال پر بری طرح بوکھلا گیا ہے اور سارا ملبہ ایک بار پھر پاکستان پر ڈال رہا ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا جیسے ممالک میں خالصتان تحریک سے متعلقہ تمام سرگرمیوں کو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی سازش قرار دے دیا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس افسران کا کہنا ہے کہ کینیڈا اور کچھ یورپی ممالک میں آزاد خالصتان کے حق میں چلائی گئی مہم ”ریفرنڈم 2020“ کے پیچھے پاکستانی فوج کے ایک افسر کا ذہن کار فرما ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس افسر کے کمپیوٹر سے کچھ دستاویزات چرائی ہیں جن میں ریفرنڈم 2020 کا پورا روڈ میپ اور تفصیلات موجود ہیں۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے ادارے ”سکھ فار جسٹس“ کا موقف واضح ہے کہ اس ریفرنڈم کے پیچھے کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہے اور یہ کہ وہ صرف بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے حقوق مانگ رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی پاکستان اور بیرون ملک موجود گروپوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے تاکہ خالصتان تحریک کو ہوا دی جاسکے۔