حسن اور حسین نواز کے نام بلیک لسٹ میں ڈال کر پاسپورٹ بلاک کردیئے گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے نام بلیک لسٹ میں ڈال کر پاسپورٹ بلاک کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ کو درخواست دی تھی جس میں حسن اور حسین نواز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرکے ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا کہا گیا ہے۔نیب کی درخواست پر سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا گیا ہے جس کے بعد دونوں پاکستان پاسپورٹ پر دنیا میں کہیں سفر نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ نیب نے حسن اور حسین نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست دے رکھی ہے جس پر نگران کابینہ نے فی الحال کوئی فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوراسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں بار بار طلب کیے جانے کے باوجود عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے کر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کررکھے ہیں ۔