جرمنی میں اسلحے سے متعلق عام معافی،15ہزارہتھیارآتشیں پولیس کے حوالے
برلن(این این آئی)جرمنی میں غیر قانونی ہتھیاروں کے حامل افراد کو عام معافی دینے کے اعلان کے بعد جنوبی صوبے باویریا میں ایک سال میں 15 ہزار آتشیں ہتھیار پولیس کے حوالے کر دئیے گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماہرین نے بتایاکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے لیے اپنے ایسے ہتھیار جمع کرا دینے پر معافی کے حکومتی اعلان کے بعد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہتھیار جمع کیے گئے۔ ایک برس کے لیے دی گئی اس عام معافی کی مدت یکم جولائی کو مکمل ہو گئی تھی، جب کہ صوبے باویریا کی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اس نے اس دوران 13ہزار585 آتشیں ہتھیار اور 1371 دیگر ہتھیار جمع کیے۔ تاہم ماضی میں ایسی مہم کے زیادہ بہتر نتائج سامنے آئے تھے۔
وزارتی بیان کے مطابق جمع کرائے گئے ہتھیاروں میں سے ایک تہائی سے زائد ایسے تھے، جو غیر قانونی طور پر رکھے گئے تھے، جب کہ 47 تو جنگی طرز کے ہتھیار تھے، جن پر جرمنی میں پابندی عائد ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عام معافی کے اعلان کے بعد یہ ہتھیار مختلف افراد نے حکام اور پولیس کے حوالے کیے۔