سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 19ارب ڈوب گئے

    سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 19ارب ڈوب گئے

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اتارچڑھاؤ کے بعد شدیدمندی رہی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے مزید1کھرب 19ارب4 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے۔کے ایس ای 100 انڈیکس 30300 پوائنٹس کی حدسے گرگیا،مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 723.22پوائنٹس کمی سے 30277.45 پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر 326 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے58کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،249کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔دوسری جانب ملکی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا تسلسل جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 30پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بدھ کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں 30پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید158.50روپے سے گھٹ 158.20روپے اورقیمت فروخت158.60روپے سے گھٹ کر158.30روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 20پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید157.70روپے سے گھٹ کر157.50روپے اورقیمت فروخت159.70روپے سے گھٹ کر158.50روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 32ڈالرکانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت 1463ڈالرسے بڑھ کر1495ڈالر ہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1750روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں 1500روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت84500روپے سے بڑھ کر86250روپے اوردس گرام سونے کی قیمت72445روپے سے بڑھ کر73945روپے ہوگئی۔بدھ کو چاندی کی فی تولہ قیمت اوردس گرام قیمت میں استحکام رہا،جس کے نتیجے میں چاندی کی فی تولہ قیمت1100.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت943.00روپے  پرمستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ/ڈالر/سونا

مزید : صفحہ آخر


loading...