حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے،چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے،چیئرمین پرائس ...

لاہور(سٹی رپورٹر)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ مارکیٹوں میں حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عمل در آمد کرایا جائے گا۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تمام دوکانداراشیاء کے نرخ نامے نمایا جگہوں پر آویزاں کریں یہ بات انہو ں نے  وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تاجروں کے ایک اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں علی ارشد ایڈیشنل سیکرٹری زراعت، اظہر حسین ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز،محمد عامر بھٹی صدر پنجاب فروٹ منڈی ایسوسی ایشن، صدام حسین صدرانجمن تاجران سبزی منڈی لاہور، ریاض احمد احسان چکن مارکیٹ بادامی باغ، عثمان ضیاء صدر چکن مارکیٹ ٹولنٹن، میاں یاسین صدرٹولنٹن مارکیٹ اور اکبری منڈی، شاہ عالمی، بادامی باغ اور سبزی و فروٹ منڈی کے تاجران نے شرکت کی۔اکرم چوہدری نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ شہر میں مرغی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کا کوئی جواز نہیں  اگر ہم اپنا احتساب خود کرلیں تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الا ضحی کے موقع پر لوگوں کو جعلی قصائیوں سے بچنا چاہیے اور کم پیسوں کی لالچ میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں خراب کر کے اربوں روپے کے نقصان سے ملک و قوم کو بچانا چاہیے۔اس موقع پر تاجروں نے کہا کہ منڈیوں میں آڑھتیوں کو سہولیات نہیں دی جاتیں نہ ہی سبزی منڈی میں آکشن ہوتی ہے۔ اکرم چوہدری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ منڈیوں میں بد انتظامی اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...