پاکستان میں انسانی شناخت اور ڈینٹل ڈیٹا کا پہلا مرکز قائم کیاجائے گا
لاہور (نمائندہ خصوصی) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور انٹر نیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے مابین بدھ کے روز باہمی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔معاہدے پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم اور پاکستان میں ریڈ کراس کی نمائندہ لارل کلیگ نے دستخط کیے۔ معاہدہ کے تحت حادثات کا شکار ہونے والے افراد کی دانتوں کے ذریعے شناخت کے عمل کو موثر بنانے کیلئے یو ایچ ایس کو ٹیکنیکل اور میٹریل سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے اس موقع پرکہا کہ معاہدے کے نتیجے میں یو ایچ ایس میں پاکستان کا انسانی شناخت اور ڈینٹل ڈیٹا کا پہلا مرکز قائم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جناح کیمپس میں پاکستان کی پہلی ڈینٹل ڈیٹا رجسٹری بنانے جارہے ہیں۔ معاہدے کے فوکل پرسن یو ایچ ایس کے فرانزک اوڈنٹولجسٹ ڈاکٹر ہمایوں تیمور نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے یو ایچ ایس میں پاکستان کا پہلا ڈی وی آئی یونٹ بنے گا۔یہ یونٹ حادثات کا شکار افراد کی دانتوں کے ذریعے جلد از جلد شناخت کو یقینی بنائے گا۔