مودی سرکار نے ایک بار پھر خطے کا امن داؤ پر لگا دیا،سعید الحسن شاہ

  مودی سرکار نے ایک بار پھر خطے کا امن داؤ پر لگا دیا،سعید الحسن شاہ

لاہور(پ ر) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ  جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے ایک بار پھر خطے کا امن کو داؤ پر لگا دیا ہے اور بھارتی اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں طلباء کے مختلف وفود سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ سیکولر بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہے اور پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے فوجی جارحیت کے ذریعے مقبوضہ و جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ مودی سرکار نے طاقت کے نشے میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

 اور اس غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ مودی سرکار نے گھناؤنے اقدامات کرکے جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے اور بھارتی فوج نے کشمیری عوام کو آزادی کے اپنے پیدائشی حق سے باز رکھنے کے لیے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے ہیں۔بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے معصوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے لیکن بھارت کا ہر حربہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور مودی سرکار کا یہ فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مودی سرکار کا یہ متنازعہ اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے۔ مودی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔ عالمی برادری کو اب ہر صورت بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے متنازعہ اقدام کا نوٹس لینا ہوگا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...