تعمیراتی قوانین میں تبدیلی کیلئے تجاویز کا خیر مقدم کیاجائے گا‘ایس ایم عمران

تعمیراتی قوانین میں تبدیلی کیلئے تجاویز کا خیر مقدم کیاجائے گا‘ایس ایم ...

 لاہور(پ ر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ تعمیراتی قوانین میں تبدیلی کے لئے شہریوں کی تجاویز کا خیر مقدم کیاجائے گا۔شہری اپنی رائے سے آگاہ کریں‘ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ زمینی حقائق اور زمانی ضروریات کے مطابق تعمیراتی قوانین میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ شہریوں کو سہولت دینا اولین ترجیح ہے‘انہیں درپیش مشکلات دور کرنے کے لئے تعمیراتی قوانین میں قابل عمل تبدیلیاں کرنے کے لئے تیار ہیں۔وہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے تجاویز مرتب کرنے کے لئے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہکثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے نقشوں کی منظوری کا عمل آسان بنایاجائے گا۔ عمارتوں کی بلندی کے اعتبار سے خصوصی بلڈنگ زون بنائے جائیں گے‘ان علاقوں میں ضرورت کے مطابق واٹر سپلائی‘سیوریج سسٹم اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کیاجائے گا۔ان عمارتوں کی چھتوں پر روف ٹاپ گارڈننگ بھی متعارف کروائی جائے گی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد عثمان معظم‘ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے صدر انجینئر اکبر شیخ‘آرکیٹیکٹ خالد عبدالرحمن‘ کونسل آف آرکیٹیکٹس کے وائس چیئر مین خرم فرید‘ماہر ماحولیات علیم بٹ‘سینئر ٹریفک آفیسر آصف خان اورچیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اخترزیدی، چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود‘ محکمہ بلدیات‘ہاؤسنگ‘واسا‘نیسپاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید : کامرس


loading...