حکومت رائس سیکٹر کیلئے الگ وزارت قائم کرے، ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن 

حکومت رائس سیکٹر کیلئے الگ وزارت قائم کرے، ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن 

فیصل آباد (بیورورپورٹ) آل پاکستان رائس گروئرز، پروڈیوسرزینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان  نے حکومت سے رائس سیکٹر کے فروغ کے لیے الگ وزارت قائم کرنے کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیگر زرعی اجناس کی طرح پاکستان میں بھی چند سالوں کے دوران چاول کی شاندار فصل حاصل ہوئی ہے جبکہ ملک کی ضروریات پوری کرنے کے بعد امریکا، یورپ، مڈل اسٹیٹ سمیت عرب ریاستوں و دیگر ممالک میں پاکستانی چاول کی بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت میں بھی بھر پور پذیرائی ملی ہے تاہم دنیا بھر میں پاکستانی چاول کے تاثر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس لئے حکومت  رائس سیکٹر کے فروغ کے لیے الگ وزارت قائم کرے تاکہ رائس سیکٹر کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے نیز پاکستان میں قرضوں کی موجودہ شرح سود پر بھی نظر ثانی کر کے اس میں خاطر خواہ کمی کو یقینی بنایا جائے۔رائس گروئرز، پروڈیوسرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن کی شبانہ روز جدو جہد سے نہ صرف چاول کی پیداوار بلکہ اس کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے باعث معاشی استحکام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رائس ایکسپورٹرز اور رائس ملرزایسوسی ایشن اور ایکسپورٹ ڈیلرز کے اشتراک سے پہلے رائس ڈیٹا بینک کا آغاز کیا جاچکا ہے جس میں چاول سے متعلقہ تمام شعبوں کو یکجا کیا گیا ہے اور یہ ڈیٹا یومیہ بنیاد پر دنیا بھر میں ایک لاکھ کے قریب چاول سے متعلق اہم لنکس، اداروں، امپورٹرز، چیمبر آف کامرس، بزنس ہاؤسز، رائس پرچیزرز کو ارسال کیا جا رہا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی چاول کی برآمد یقینی بنائی جا سکے۔

مزید : کامرس


loading...