شہری قربانی کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں: سی اے اے

شہری قربانی کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں: سی اے اے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عیدِ قرباں کے موقع پر پرندوں سے ہوائی جہازوں کو محفوظ بنانے کے لیے شہری ہوا بازی کے ادارے(سول ایوی ایشن اتھارٹی) نے احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحی کے ایام میں قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے ملک بھر کے ایئر بیسز اور ایئر پورٹس پر آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔اس حوالے سے سی اے اے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحی پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں صرف مقرر کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں تاکہ گندگی کی وجہ سے وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور فضائی سفر محفوظ رہے۔ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس منیجرز کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلی حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، آلائشوں کے پڑے رہنے کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کے لیے خطرہ موجود رہتا ہے۔سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ایئر پورٹس اور پاک فضائیہ کے ایئر بیسز کے اطراف بلدیاتی ادارے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ تمام بلدیاتی ادارے عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں، عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگایا جائے۔سی اے اے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی اثاثوں کی حفاظت اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام شہریوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...