ایمریٹس کا عید پراضافی پروازیں چلانے کا اعلان
کراچی(پ ر) عید کے دوران پاکستان کے مسافروں کی سہولت کیلئے ایمریٹس نے اسلام آباد اور دبئی کے درمیان اپنی پہلے سے طے شدہ پروازوں کی تعداد میں چار پروازوں کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ان اضافی پروازوں کیلئے ایمریٹس اپنے بوئنگ 777-300ER طیارے استعمال کرے گا۔ اضافی پروازیں بدھ (7 اگست) ، جمعرات ( 8اگست) ، اتوار (18 اگست) اور پیر ( 19اگست) کو چلائی جائیں گی۔ ان دنوں میں پرواز نمبر EK 2686 رات 10 بج کر 55 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا کرے گی اور اگلے روز علیٰ الصبح 3 بج کر 15منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی۔ دبئی واپسی کی پرواز EK 2687 اسلام آباد ایئرپورٹ سے صبح 4 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور دبئی کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7بج کر 10منٹ پر دبئی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پہنچے گی۔ ایمریٹس کے پاکستان میں تعینات نائب صدر ، جبر ال عزیبی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ” ایمریٹس اور پاکستان کے درمیان قائم شاندار تعلقات 33 سال کے طویل عرصے سے قائم ہیں۔ یہ اضافی پروازیں عید سے قبل اور بعد جبکہ سفر کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے ، پاکستان میں ہمارے کسٹمرز کو سہولت کے ساتھ سفر کرنے کا موقع فراہم کریں گی۔ مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم نئے ٹرم کے لئے بروقت اپنی یونیورسٹیز واپس پہنچ سکتے ہیں۔ پاکستان ایمریٹس کے لئے ایک اہم ملک ہے اور ہمیں اپنے اس کردار پر بہت فخر ہے کہ ہم اپنے کسٹمرز جن میں فیملیز، کاروباری افراد اور تفریح کے لئے دبئی اور ہمارے وسیع نیٹ ورک پر موجود 155 سے زیادہ ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو دنیا بھر کی رسائی فراہم کر رہے ہیں ۔ایمریٹس تمام لوگوں کو عید کی مبارکبار پیش کرتا ہے ۔“