خصوصی بچے یوم آزادی جوش و خروش سے منائیں گے،سید قاسم نوید قمر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں میں بھی اپنے وطن سے محبت کا جذبہ عام بچوں سے کسی طرح کم نہیں ہے اور اس سال چودہ اگست پر یوم آزادی کے موقع پر خصوصی بچوں کے بحالی مرکز گلستان جوہر میں ان خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہونگے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر محکمہ بحالی خصوصی افراد کے سیکریٹری خالد چاچڑ، ایڈیشنل سیکرٹری ابوبکر مدنی، ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ، ڈا یونیورسٹی کی ڈاکٹر نبیلہ سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوم آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے اس موقع پر خصوصی بچے مختلف ٹیبلوز، ملی نغمے اور ڈرامے پیش کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔ اس تقریب میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں لانے لے جانے کے لئے ایک عدد بس عطیہ کریں گے اور ان خصوصی بچوں کی ضرورت کا دیگر سامان بھی دیں گے۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ خصوصی بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے مذید کہا کہ خصوصی بچوں کی بحالی کے لئے قائم مراکز بہتر کیا جائے گا۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ خصوصی افراد اور بچوں سے متعلق لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آرہی ہے